اسلام آباد /پشاور(این این آئی)ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور منگل کو پہلا روزہ ہے ۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک بھر میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور، سوات، دیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے رویت ہلال کی شہادت موصول ہوئیں جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں منگل کویکم رمضان ہے۔قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ پیر کو پاکستان میں چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے اور چاند 60 سے 65 منٹ تک افق پر رہے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان کا چاند نظر آگیا تھا۔دریں اثناء بھارت کے شہر لکھنؤ میں رمضان کاچاند نظر آگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے کئی شہروں میں مقامی سطح پر چاند دیکھنے کیلئے کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
لکھنؤ میں رمضان کا چاند نظر آگیا جس کے بعد بھارت میں منگل 12 مارچ کو یکم رمضان کا روزہ ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں وقت سحر صبح 5 بج کر 18 منٹ اور افطار مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 27 منٹ پر ہوگا۔اس کے علاوہ حیدرآباد میں سحری مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 16 منٹ اور افطار شام 6 بج کر 26 منٹ پر ہوگی۔بھارتی شہر ممبئی میں وقت سحر 5 بج کر 38 منٹ اور افطار 6 بج کر 48 منٹ پر ہوگی جبکہ پونے میں سحری مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 34 منٹ اور افطار 6 بج کر 44 منٹ پر ہوگا۔