اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیا جائے گا، صدر آصف علی زرداری بی بی آصفہ بھٹو کو خاتون اول ڈکلیئر کریں گے۔آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کا پروٹوکول دیا جائے گا۔واضح رہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی بیٹی ہیں، عام طور خاتون اول کا درجہ اہلیہ کو جاتا ہے۔
نومنتخب صدر آصف علی زرداری نے اپنی دوسری مدت کے لیے ملک کے چودہویں صدر کی حیثیت سے گزشتہ روز حلف اٹھا لیا ہے۔حکمران اتحاد کے نامزد صدارتی امیدوار آصف زرداری نے گزشتہ روز الیکٹورل کالج کے ایک ہزار 185 ووٹوں میں سے 411 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 111 ووٹ ملے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار 44 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔