راولپنڈی(این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے، قوم کے ساتھ جو ہورہا ہے اس سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں نتائج تبدیل کیے گئے ان کے امیدوار کل نکلیں اور پْرامن احتجاج کریں۔ہفتہ کو عمران خان سے جیل میں ان کے وکلا عمیر نیازی ایڈووکیٹ اور بیرسٹر سلمان صفدر نے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ایڈووکیٹ عمیر نیازی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو الیکشن نتائج پر مبارک باد دی ہے اور کہا کہ قوم نظرئیے اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، جس طرح لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا یہ 1970 سے زیادہ لوگ باہر آئے ہیں۔وکلا کے مطابق عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائے گی، بانی پی ٹی آئی نے ملک کے سب سے بڑے ادارے سے اپیل کی کہ قوم کے ساتھ جو ہورہا ہے اس سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں نتائج تبدیل کیے گئے ان کے امیدوار کل نکلیں اور پْرامن احتجاج کریں کیوں کہ جمہوری عمل میں ووٹ کی عزت ہے، ووٹ چوری ہوگیا تو احتجاج کریں۔
وکلا کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ہماری معیشت زمین بوس ہوچکی ہے، سیاسی عدم استحکام نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کو بند گلی میں نہ لے کر جائیں، پری پول دھاندلی اور اداروں کو استعمال کیا گیا، ادارے کمزور ہوچکے ہیں، نواز شریف نے ہمیشہ حکومت کو بینک کرپٹ کیا، مکس اچار کے ساتھ حکومت نہ بنانے دیں، 50 سیٹوں والا کیسے فتح کا اعلان کرسکتا ہے؟ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ملاقات میں شریک بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں قانونی ٹیم کو اندر جانے نہیں دیا گیا، نیب عدالتی عملہ، تفتیشی ٹیم اور پراسیکیوٹرز جیل کے اندر گے لیکن بانی پی ٹی آئی وکلاء کو اندر نہیں جانے دیا، بشری بی بی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جیل میں تمام سہولیات کے باوجود بشریٰ بی بی کو بنی گالا رکھا گیا، 3 گھنٹے وکلاء کھڑے رہے، درخواست کے باوجود قانونی ٹیم اندر نہیں جاسکی۔
سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی بالکل فریش تھے، وہ جانتے تھے باہر کیا ہوا ہے، الیکشن کے حوالے سے بڑی تفصیلی ہدایات دی، بانی پی ٹی آئی کے 16 مہینوں سے کیس چل رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی ہر جرم کے ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں، 7 ماہ ہوچکے، بانی پی ٹی آئی نے ایک دن بھی نہیں کہا کہ کب باہر آؤں گا۔سلمان صفدر نے بتایا کہ اب دن آچکے ہیں بانی پی ٹی آئی کو عوام میں آنا چاہیے، تمام مقدمات ریت کا ڈھیر ثابت ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کو تین مقدمات کا دکھ ہوا ہے، ایک ظل شاہ قتل کیس، کرپشن کیس اور عدت میں نکاح کیس، یہ مقدمات چلانا ذاتی معاملات ہیں، ان کو عدالت میں نہیں آنا چاہیے تھا۔بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالا میں رکھنے پر بانی پی ٹی آئی نے اعتراض کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپیل کی ہے کہ بشری بی بی کو جیل منتقل کیا جائے۔