اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ووٹ ڈالنےکے لیے اصلی شناختی کارڈکا ساتھ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی ووٹ ڈالنےکے لیے قابل قبول نہیں تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے، شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلاً پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ پریزائیڈنگ افسر کو دےگا جو ووٹرکے دائیں انگوٹھے پر ان مٹ روشنائی سے نشان لگائےگا۔ پریزائیڈنگ افسر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ووٹر فہرست میں ووٹر کی تصویرکے سامنے انگوٹھےکا نشان لگوائےگا اور پھر ووٹرکا نام ووٹر فہرست سےکاٹےگا۔
اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لیے الگ لگ بیلٹ پیپرز دیں گے، قومی اسمبلی لے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائےگا۔ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی اور قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر مہر لگائیں گے، ووٹرز بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یقینی بنائیں کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہے اور پھر بیلٹ پیپر کو فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالیں گے۔