کراچی (این این آئی)پی ایس او کی جانب سے فیول نہ دینے کے باعث پی آئی کا فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے ایک دن میں 80 کروڑروپے کا نقصان ہوا، اور نجی ایئرلائنز نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد کا کرایہ 80 ہزار روپے تک بڑھادیا۔ملک بھر میں قومی ائیر لائن کے فلائٹ آپریشن کے حوالے سے کراچی میں پی آئی اے کی سی بی اے یونین پیپلز یونٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں صدرپیپلزیونٹی ہدایت اللہ خان نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے قومی ایئر لائن کو ایک دن میں 80 کروڑروپے کا نقصان ہوا ہے، اور نجی ایئر لائنز نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 80 ہزار تک بڑھا دیا ہے۔
صدر پیپلزیونٹی ہدایت اللہ خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پی ایس او کی جانب سے قومی پروازوں کو آج ایندھن نہ فراہم کر نے کی شدید مذمت کی گئی۔ اور کہا گیا کہ پی آئی اے اور پی ایس او دونوں قومی ادارے ہیں، سازش کے تحت پی آئی اے کو ایندھن نہ دینا زیادتی ہے۔صدر ہدایت اللہ نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہونے سے نجی ایئرلائن کو فائدہ ہو رہا ہے، اور وہ مسافروں سے من مانے کرائے وصول کر رہی ہیں، پی ایس او کو دیگر اداروں نے اربوں روپے دینے ہیں، لیکن ان کا فیول بند نہیں ہوتا، جہازوں کو ایندھن نہ دینا قومی ایئرلائن کے ساتھ زیادتی ہے، اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
صدرپیپلزیونٹی نے کہا کہ کسی صورت پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے، پی آئی اے کے اثاثوں کی نجکاری کی کوشش کی جارہی ہے، پروازیں منسوخ کی جارہی ہیں، مسافروں کو پریشان کیا جارہا ہے، پیپلز یونٹی جلد ہی احتجاجی تحریک کا اعلان کرے گی، ہم ادارے کو بچانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ اتوار کے روز بینک میں رقم منتقل نہ ہونے کے باعث پی ایس او نے ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن دینے سے معذرت کرلی تھی، جس کے بعد قومی ائیرلائن کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا اور بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں۔