اسلام آباد (این این آئی)فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع ہوگیا اور وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو اس سلسلے آگاہ کردیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو متفرق درخواست میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے آگاہ کیاگیا ہے۔وفاقی حکومت کی متفرق درخواست میں کہا گیا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات کی روشنی میں 102 افرادگرفتار کے گئے اور ان افراد کے انصاف کے حق کیلئے فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع کیاگیا جبکہ زیرحراست افراد کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرائل کیا جارہا ہے۔
متفرق درخواست میں کہا گیا کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے دوران قصور وار ثابت نہ ہونے والابری ہوجائے گا اور فوجی عدالتوں میں ٹرائل سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔درخواست میں بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے بعد جو قصور وار ثابت ہوگا اسے معمولی سزائیں ہوں گی، 9 اور 10مئی کے واقعات میں ملوث جو افراد جرم کے مطابق قید کاٹ چکے انہیں رہا کردیاجائیگا جب کہ فوجی ٹرائل کے بعد قانون کے مطابق سزاؤں کے خلاف سزا یافتہ متعلقہ فورم سے رجوع کرسکیں گے۔