اسلام آباد(این این آئی)ڈالر کی بے قدری اور پاکستانی روپے کے جاری استحکام کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔خزانہ ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 40روپے کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل 15روپے سستا کردیا گیا ہے۔قیمتوں میں بھاری کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 283.38روپے ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل 303.18روپے پر آگیا ہے۔
وزارت خزازنہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے رجحان اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی مستحکم قدر کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں ردو بدل کا فیصلہ کیا۔خزانہ ڈویژن نے بتایاکہ نئی قیمتوں کا اطلاق 16اکتوبر رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ پیٹرول پر فی لیٹر 60روپے لیوی اور 22روپے کسٹمز ڈیوٹی برقرار رکھی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 50 روپے لیوی اور 23روپے کسٹمز ڈیوٹی برقرار ہے۔