اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھرمیں انتشار پھیلانے اور سرکاری و فوجی تنصیبات پر حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر سربراہی منعقد ہوا
جس میں عدلیہ کی جانب سے عمران خان کی ضمانت اور تحریک انصاف کے کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے قومی اداروں و املاک کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کی۔اس موقع پرتحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری و فوجی تنصیبات پر حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔قرارداد ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی صابر قائم خانی نے پیش کی۔قرار داد میں کہاگیاکہ ایوان حالیہ واقعات کے ملکی استحکام، سماجی و اقتصادی ترقی اور عوامی بہبود پر منفی اثرات پر تحفظات کا اظہار کرتا ہے ۔ قرار داد میں کہاگیاکہ ایوان واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور ریاستی اور نجی املاک کو نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے ۔ قرار داد میں کہاگیاکہ ایوان جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور اس کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کرتا ہے ۔ قرار داد کے مطابق ایوان جی ایچ کیو، شہداء کی یادگاروں، تاریخی عمارتوں مساجد اور اسکولوں پر حملوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتا ہے،یہ ایوان پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے ۔ قرار داد میں کہاگیاکہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،یہ ایوان آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے ۔