اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان اور اعجاز چودھری کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دونوں رہنمائوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ دونوں کو کچھ دیر بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی ،اسد عمر ، فواد چوہدری ، جمشید اقبال چیمہ ، فلک ناز چترالی ، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی ، اسد عمر،فواد چوہدری، جمشید اقبال چیمہ، فلک ناز چترالی، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کو گرفتار کرلیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ منصوبہ بندی کے تحت جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں پر اکسانے والوں کے خلاف نقص امن کے خطرہ کے تحت گرفتاریاں جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ تمام گرفتاریاں قانونی تقاضوں کے مکمل کرکے عمل میں لائی گئیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے، عوام مِیں افواہ اور اشتعال پھیلانے سے گریز کریں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی اطلاعات آئی تھیں جن کی بعد میں تردید کردی گئی تھی تاہم صبح سویرے ان کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ انہیں رات گئے حراست میں لے لیا گیا۔