سوات (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں متاثرینِ سیلاب کیلئے امداد کے اعلان پر امریکی حکومت کے شکر گزار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاکہ یہ سانحہ بہت بڑا ہے
جس میں لاکھوں لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں اپنے دوستوں کی ضرورت ہے جو دکھی انسانیت کی مدد کریں۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف ڈبلیو او کو ٹوٹی سڑکیں ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم خیبرپختون خوا میں سیلاب سے متاثر اضلاع کے دورے پر کالام پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے متاثرینِ سیلاب سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کالام میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی ہدایات بھی کیں۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کی سیلاب سے متاثرہ وادی کالام کے دورے پر جرمن سیاحوں کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کرکے سب کو حیران کردیا۔شہباز شریف کے وادی کالام کے اس دورے سے ایک ویڈیو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں شہباز شریف کو کالام آئے پاکستانی نڑاد جرمن سیاحوں سے جرمن زبان میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔سیاحوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے اقدامات کو سراہا۔