اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے سیاست نہیں معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے حکومت سنبھالی ہے، عمران خان نے اپنی شہرت کے لیے بجلی ڈیزل پٹرول کی قیمتیں کم کی اس وجہ سے معیشت میں گہرا سوراخ ہوا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ناروال سپورٹس سٹی مقدمہ میں پیش ہوا ہوں، چار سالوں میں عمران حکومت کچھ نہ نکال سکی، پاکستان میں کھیلوں کے منصوبے کو تباہ کردیا گیا ،قومی منصوبوں کو اپنی انا نفرت کا نشانہ بنایا گیا ، اپریل مئی جون میں ترقیاتی بجٹ زیرو ریلیز ہواآخری سہ ماہی میں ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ کی قلت کا سامان ہے ۔معیشت کی حالت بس کے اناڑی کنڈیکٹر کی ہے جو حادثہ کے وقت چھلانگ لگا دے۔ انہوں نے کہا عمران نیازی اور وزراء اپنے خلاف اعتراف جرم کررہے ہیں، وزراء کہتے ہیں ہم نے اپنا پھندا اپوزیشن کے گلے میں ڈال دیا ہے۔ عمران خان اب معصوم بن کر سوال کررہے ہیں کہ ملک کا کیا بنے گا۔وفاقی حکومت نے چار ہزار ارب صوبوں کو دے کر چار ہزار ارب کا قرض اتارنا ہے ، مسائل ہمیں ورثہ میں ملے ہیں آئی ایم ایف سے کیے گیے معاہدے کے تحت ہاتھ باندھ کر عمل کرنا پڑھ رہا ہے،آئی ایم ایف کہتا ہے ہمیں حکومت کا نہیں پاکستان کا پتہ ہے حفیظ شیخ اور شوکت ترین نے دستحط کیے ہیں ملک کے لیے بہتر سے بہتر سہولت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،حکومتی سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے۔
امید کرتے ہیں ایک سال بعد جب حکومت چھوڑیں گے تو معیشت کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہوگا، زراعت پر سب سے زیادہ توجہ ہے کیونکہ زراعت سے جلد نتائج آتے ہیں تاکہ ہمیں اجناس کو درآمد نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا قوم سے اپیل ہے چائے کی ایک ایک دو دو پیالیاں کم کردیں کیونکہ ہم چائے بھی امپورٹ کرتے ہیں۔ بحران سے نکلنے میں تاجر اور قوم ہمارا ساتھ دے۔
اپیل کرتے ہیں بازار ساڑھے آٹھ بجے بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا وطیرہ ہے کہ اپنے حق میں فیصلہ آ جاے زندہ باد ورنہ دھاندلی ،عمران خان کا یہ طریقہ ہے کہ اداروں کو دھمکایا جاے کبھی فوج کو کبھی عدلیہ کبھی الیکشن کمیشن کو دباو میں لانے کی کوشش کرتے ہیں
۔ جس روز فارن فنڈنگ کا فیصلہ ہوگا عمران خان اور اسکی جماعت نااہل ہو جاے گی، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا۔
ہمارے لئے بہت آسان تھا کہ ملک کو الیکشن کی طرف پھینک کر ایک طرف جاتے تاہم یہ ہماری حب الوطنی ہے کہ ملکی مفاد سے چشم پوشی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا ہم نے ملک کو بہتری کی طرف لیکر جانا ہے ، سیاسی ساکھ کو دائو پر لگا کر ملک کو بچا رہے ہیں۔