اسلام آباد (این این آئی)گلگت بلتستان میں گلیشیر پگھلنے کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پر مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے رابطہ کیا جس میں مشیر امور کشمیر نے گلیشیر پگھلنے کے بعد سیلابی صورتحال سے ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔اتوار کو مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ہنزہ حسن آباد میں پیش آنے والے واقع پر مشیر امور کشمیر کو بریفنگ دی ۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ تمام سرکاری وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ، شہریوں کو قدرتی آفت سے بچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔قمر زمان کائرہ نے زمینی رابطے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے۔