اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، اس طرح عیدالفطر 13 مئی بروز جمعرات کو ہو گی۔عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوا۔ اس کے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے جہاں چاند کی رویت کے بارے میں کوئی شہادتوں کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں گزشتہ روز شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ
سے وہاں عیدالفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے حسو خیل میں گزشتہ روز کئی افراد نے شوال کے چاند کی رویت کی گواہی دی تھی جس پر شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی۔ شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ، کم سروبی، میر علی غلام خان، سیدگی، منظر خیل، بویہ لانڈ، اور سید آباد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔