کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر امیدواروں کے بائیکاٹ کے باوجود گنتی کا عمل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کے امیدواروں کو ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچنے
کی ہدایت کی تھی جس پر (ن) لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل اور پی پی امیدوار قادر مندوخیل سمیت 16 دیگر امیدوار الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سے سکیورٹی کے لیے اضافی نفری طلب کی۔ووٹوں کی گنتی کا عمل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں قائم ریٹرننگ افسر کے دفتر میں ہورہا تھا اور اس دوران ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدوار موجود تھے۔ریٹرننگ افسر کے آفس میں دوبارہ گنتی کے دوران پیپلزپارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کابائیکاٹ کردیا۔تحریک انصاف نے بھی نتائج تسلیم نہ کرتے ہوئے دوباہ گنتی کا بائیکاٹ کردیا اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امیدواروں نے الزام لگایا ہےکہ جو پولنگ بیگ لائے گئے وہ کھلے ہوئے تھے جس کی وجہ سے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔امیدواروں کے بائیکاٹ کےبعد الیکشن کمیشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل فی الحال روک دیا گیا جسے دوبارہ شرو ع کردیا گیا۔