اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے اور سابق وزیر اعظم نے سپیکر کی جانب سے بجھوائے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا ۔دوسری طرف سپیکر نے شاہد خاقان عباسی
کے خلاف کارروائی کی دھمکی دے دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی اور جھڑپ کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شاہد خاقان عباسی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور 7 دن کے اندر جواب دینے کی ہدایت کی گئی تھی اس نوٹس میں واضح کیا گیا تھا کہ اگر شاہد خاقان نے جواب نہ دیا تو ان کے خلاف معطلی سمیت کوئی بھی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ 7 کی بجائے 10 دن سے بھی زائد گزر گئے مگر شاہد خاقان عباسی نے کوئی جواب نہیں دیا ۔جس پر اب یہ معاملہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں لایا جائے گا اور سپیکر پورے ہاؤس کی رائے لینے کے بعد شاہد خاقان عباسی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کریں گے قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ شاہد خاقان عباسی نے سپیکر کو جوتا مارنے کی دھمکی دی تھی اور ساتھ ان کے ساتھ انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کیا تھا ۔