ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کے بعد سعودیہ سے سیکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہو کر وطن واپس پہنچیں گے۔
سعودی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر بلال اکبر نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے میں ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گی۔بلال اکبر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے میں 3 شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پردستخط ہوں گے، وزیراعظم کے دورے میں قیدیوں سے متعلق اجلاس ہوگا، سعودی تعاون سے قیدیوں کی رہائی کا کام تیز تر کر دیا جائیگا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر)بلال اکبر نے کہا کہ سفارتخانے میں ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں جو 24 گھنٹے کام کرے گی، ہیلپ لائن پر کمیونٹی اپنے مسائل بیان کر سکتی ہے۔پاکستانی سفیر نے بتایا کہ کمیونٹی اشتراک پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ ان کے مسائل سن کر مدد کی جاسکے۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 7 سے 10 مئی تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔