اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے خلاف شکایات کے بعد وزیراعظم کی جانب سے انکوائری کیلئے اعلی سطح کی انکوائری کمیٹی
قائم کر دی گئی ہے،سعودی عرب میں پاکستانی تارکین کے ھروب (کفیل سے فرار)، اقاموں کی تجدید، جیلوں میں قید پاکستانیوں، کفیلوں کے ساتھ معاملات سمیت دیگر مسائل حل کئے جا ئینگے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب طے ہوگیا ہے۔ وزیراعظم مئی کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد بھی ہوگا۔ عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران مختلف امور زیر غور آئینگے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ یہ بات وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتائی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی بھی ملاقات میں موجود تھے۔