اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو دوبارہ متحد کرنے سے متعلق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکیں کیونکہ پی ڈی ایم کے عہدوں سے استعفا دینے والی دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور اے این پی اے نے استعفوں کے
معاملے پر نظر ثانی کرنے کی مولانا فضل الرحمن کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا ،مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ دنوں ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس میں دونوں جماعتوں کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی اور کہا کہ تھا کہ وہ پی ڈی ایم میں واپس آجائیں لیکن دونوں جماعتوں کی قیادت سے ابھی تک فضل الرحمن کا کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی انہوں نے فضل الرحمن کی اپیل کا کوئی جواب دیا ہے اور مولانا اب بھی ان کی پی ڈی ایم میں واپسی کے منتظر ہیں ،دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی اور اے این پی کو واپس نہ لینے کی حامی ہے اور ان کا موقف ہے کہ کیونکہ دونوں نے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچایا اور حکومت سے ہاتھ ملا لیا اس لئے جب تک یہ معافی نہیں مانگتے اس وقت تک ان کو پی ڈی ایم میں شامل نہ کیا جائے جبکہ مولانا فضل الرحمن کی پوری کوشش ہے کہ دونوں جماعتیں دوبارہ پی ڈی ایم کا حصہ بنیں ۔