اسلام آباد (این این آئی)متحدہ عرب امارات اور ایران نے پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے ۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادے نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول
پر جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایل او سی پر جنگ بندی کا پاکستان اور بھارت کا فیصلہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے حوالے سے اہم قدم ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی جنگ بندی پر مثبت بیان جاری کر دیا۔یو اے ای وزارت خارجہ نے کہاکہ کشمیر کی متنازع سرحدوں پر پاک بھارت افواج کے جنگ بندی کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں،متحدہ عرب امارات کے جمہوریہ بھارت اور اسلامی جمہوریہ پاکستان سے دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں،دونوں ممالک کی اس کامیابی کے حصول کے لیے کوششوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہیں۔اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے حصول کی جانب اہم قدم ہے،دونوں دوست ممالک کی جانب سے کشمیر میں مستقل جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق سفارتی ذرائع سے مذاکرات کے زریعہ اعتماد سازی اور مستقل امن کے حصول پر زور دیتے ہیں۔