اسلام آباد (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نے جمال خاشقجی امریکی رپورٹ پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے معاملہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے،پاکستان قتل میں ملوث کرداروں کو کیفر
کردار تک پہنچانے میں سعودی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے۔ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے جمال خاشقجی قتل سے متعلق امریکی انتظامیہ کی “جائزہ” رپورٹ دیکھی۔ترجمان نے کہا کہ سعودی حکومت نے جمال خاشقجی کے قتل کو “مکروہ جرم” اور مملکت کے قوانین اور اقدار کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے صحافی کے قتل میں ملوث کرداروں کو سزا دلوانے کیلئے اقدامات اٹھائے اور قتل میں ملوث کرداروں کی تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کو سزائیں دی گئیں۔ پاکستان اس سلسلے میں سعودی کوششوں کو تسلیم کرتا اور سعودی عرب مملکت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے متعلقہ آئینی فریم۔ورک اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق قانون کی پاسداری ، قومی خودمختاری کے احترام اور تمام ریاستوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کا احترام کرتا ہے۔