اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خیبر پختونخوا کے دو برطرف صوبائی وزراء سمیت صوبہ سے منتخب قومی و صوبائی اسمبلی کے 14 اراکین بھی مختلف وجووہ کی بنا پر غیر حاضر رہے ، روزنامہ جنگ کی
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز دورہ پشاور کے موقع پر سینیٹ انتخابات پر مشاورت اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے حکمت عملی کی تیاری کی غرض سے گورنر ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں گورنر، وزیر اعلیٰ سمیت تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی تاہم اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پرویز خٹک کے بھائی اور تحریک انصاف کے برطرف صوبائی وزیر لیاقت خٹک اور مبینہ ضمیر فروشی کے الزام میں کابینہ سے فارغ شدہ سابق وزیر قانون سلطان محمد نے شرکت نہیں کی ،تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے دونوں ایم پی ایز کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے ارکان عبد الکریم خان، ضیا اللہ بنگش اور ملیحہ علی بھی مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکیں جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی اجلاس کی وجہ سے اجلاس میں شرکت سے قاصر رہے اسی طرح وفاقی وزیر عمر ایوب، وفاقی وزیر مراد سعید اور خیبر پختونخوا سے منتخب ایم این ایز جنید اکبر ،صالح محمد، شیر اکبر ،صبغت اللہ، علی خان جدون اور یعقوب شیخ بھی سرکاری اور ذاتی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔