اسلام آباد، لاہور (این این آئی، آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کے خلاف سینٹ ٹکٹ بیچنے پر ان کی اپنی جماعت نے بغاوت کردی ہے ،پارٹی کی بغاوت نے عمران صاحب کے اوپن بیلٹ کے شوشے کی قلعی کھول دی ہے ،قوم کوپتہ چل گیا ہے کہ اوپن بیلٹ کا شور عمران صاحب اپنی پارٹی کو بلیک میل
کرنے کے لئے کررہے تھے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ دو ہفتے سے عمران صاحب اوپن بیلٹ کا شور مچا کر ہلکان ہورہے تھے، اب پتہ چلا کہ پارٹی نے بغاوت کردی ہے ،عمران صاحب نے دوسروں پر ووٹ کی خریدوفروخت کا الزام لگایا اور اپنا وڈیو سکینڈل پکڑا گیا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے دوسروں پر الزام لگایا اور خود آٹا چینی دوائی چوری میں پکڑے گئے ،عمران صاحب نے دوسروں پہ الزام لگایا خود گیس بجلی اور ایل این جی چوری میں پکڑے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں پر منی لانڈرنگ اور چوری کا الزام لگایا اور عمران صاحب خود فارن فنڈنگ کیس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں کے خلاف کرپشن کا شور مچانے والے عمران صاحب کی چوری ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پکڑ لی،عمران صاحب جس چیز کا شور کرتے ہیں اور نوٹس لیتے ہیں اْسی میں خود چور نکلتے ہیں۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے
سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدواران پر پارٹی کے اپنے ہی ارکان تحفظات نے اہم سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ نیر بخاری نے کہاکہ حفیظ شیخ سمیت دیگر پیراشوٹ کے ذریعے اترنے والے افراد کو امیدوار نامزد کرنے سے تحریک انصاف میں دراڑیں پڑ
چکی ہیں۔ نیر بخاری نے کہا کہ پیراشوٹرز کو ٹکٹ دینے سے تحریک انصاف کے ارکان باغی ہو چکے ہیں،تحریک انصاف کی شفافیت کا یہ عالم ہے کہ امیدواران کو پارٹی کے سینئر رہنماء جانتے تک نہیں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے
کہا ہے کہ لاچار پی ڈی ایم ٹولہ دربدر ٹکریں مارتا رہے گا ہم عوامی خدمت و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹو ئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کا جو وعدہ کیا اس کی
تکمیل کے لئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ مقامات ماڑی، کوہ سلیمان اور چولستان میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے علاقے کی قسمت بدلے گی اور مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ سائٹ سیئنگ بس سروس اور چولستان جیپ و بائیک ریلی سے ان دور افتادہ علاقوں کیطرف سیاحتی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔ لاچار پی ڈی ایم یونہی دربدر ٹکریں مارتا رہے گا جبکہ ہم عوامی خدمت و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔