اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روزو فا قی کابینہ نے اگرچہ نیب اور امریکی ایف بی آئی کے درمیان ایم او یو کی منظوری دیدی ہے تاہم وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے ایم او یو کی مخالفت سامنے آئی ہے۔
روزنامہ جنگ میں رانا غلام قادر کی شائع خبر کے مطابق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان میں نیا سیاسی پنڈورا باکس کھل جائے گا۔دونوں اداروں کے فنکشنزعلیحدہ علیحدہ ہیں معاہدے کی کوئی منطق نہیں بنتی۔وفاقی کابینہ کی جانب سے نیب اور امریکی ایف بی آئی کے درمیان ایم او یو کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری نہ دی جاسکی جس کے بعدوزیر اعظم نے سمری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی-سمری کے مطابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیری مزاری نے نیب اور ایف بی آئی کے درمیان ایم او یو کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ایم او یو سے پاکستان میں نیا سیاسی پنڈورا باکس کھلے گا اور نئی بحث چھڑ جائے گی۔