اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کیساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں،اپوزیشن پارلیمنٹ میں آئے وہاں پر سارے مسائل پر بات ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے
ساتھ بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں اورکسی بھی سیاسی رابطے کی ہم مخالفت نہیں کریں گے،مریم نواز کامسئلہ یہ ہے ارجنٹائن میں کوئی فٹبال میچ ہار جائے تو ذمہ دار عمران خان ہے۔شبلی فراز نے کہاکہ مریم نواز کی کریڈیبلٹی کیا ہے،جھوٹ پر جھوٹ بولتی ہیں،ہم نے شہبازشریف سے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا،جیل میں ملاقات کیلئے حکومت ہی سہولت دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز اوربلاول وزیراعظم کوبلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگریہ لوگ بری طرح ناکام ہوں گے،جس طرح جلسے ناکام ہوئے۔شبلی فراز نے کہاکہ اپوزیشن سے کہا ہے پارلیمنٹ میں آئے، سارے مسائل پروہیں بات کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی اپنی سیاست ہے، وہ کچھ کرتے ہیں تو ان کا مسئلہ ہے،مقصد کے حصول کیلئے سردی گرمی نہیں دیکھی جاتی،اپوزیشن نے سردی کی وجہ سے پروگرام ملتوی کردیا، یہ سوچنے والی بات ہے۔