اسلام آباد ( آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کو وزارت داخلہ کے انتظامی امور میں مداخلت سے روک دیا اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو وزارت کے تمام ماتحت اداروں کے انچارج وزیر کی بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر احتساب کے معاملات کو بھی دیکھ رہے ہیں اور اینٹی کرپشن کیسز میں بھی پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کررہے ہیں وہ چاہتے تھے کہ بطور مشیر داخلہ ایف آئی اے ان کے ماتحت ہو اور اس حوالے سے وہ احکامات بھی جاری کررہے تھے تاہم جب شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنایاگیا تو انہوں نے واضح کردیا کہ وہ کسی کو بھی اپنی وزارت کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیںدینگے اسی لئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے شہزاد اکبر سے ایف آئی اے کا بھی چارج اپنے پاس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خود بھی شہزاد اکبر کو بلا کر ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ شیخ رشید کی وزارت میں کسی قسم کی مداخلت نہ کریں اور صرف اپنے آپ کو احتساب تک محدود رکھیں ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کو بعض ایسے احکامات بھی جاری کئے تھے جو شیخ رشید نے منسوخ کردیئے دوسری طرف الیکٹرانک میڈیا اور پیمرا سے متعلق معاملات پر بھی شیخ رشید کو شبلی فراز کی مدد کیلئے کہا گیا ہے ۔