اسلام آباد ( آن لائن)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس شہبازشریف کو میں جانتا ہوں وہ مذاکرات کا حامی ہے ،پیپلز پارٹی گیٹ نمبر چار سے نہیں بنی،پی ڈی ایم والوں نے جنوری کا وقت دیا ہے میں کہتا ہوں ابھی آجائیں تمام راستے صاف ہیں ،موسم سرد ہے اسلام آباد میں آئیں کشمیری چائے پلائیں گے۔
بدھ کے روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سے کہاہے کہ عوام فرینڈلی محکمہ بنائیں، سائبر کرائم ونگ میں دو ہزار بھرتیاں کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں ،ادارے کو2 ارب روپے فنڈز دیئے ہیں،اس وقت ای سی ایل میں چار سو لوگ ہیں ان لوگوں کو کم کرنے کا کہا ہے ،ایف آئی اے حکام کو کہہ دیا ہے کہ بلاوجہ لوگوں کے نام ای سی ایل میں نہ ڈالے جائیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ سیاسی سطح ہر تمام جماعتوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی گیٹ نمبر چار سے نہیں بنی ،میں بطور سیاسی ورکر بہتر سمجھتا ہوں ، پی ڈی ایم نے جنوری کا وقت دیا میں کہتا ہوں ابھی آجائیں ،مسلم لیگ (ن) کے قومی و صوبائی اراکین اپنے استعفے شہباز شریف کو دیں گے لیکن شہباز شریف استعفے دینے کے حق میں نہیں جس شہباز شریف کو میں جانتا ہوں وہ مذاکرات کا حامی ہے،پیپلز پار ٹی
کی جمہوری روایات ہیں ،ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ واضح کردوں وزیرا عظم عمران خان کہیں نہیں جارہے وہ اپنے پانچ سالہ دور اقتدار پورا کریں گے ۔اسلام آباد پر چڑھائی شوق سے کریں تمام راستے کلیئر ہیں ،یہاں کا موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے جنوری نہیں ابھی آئیں کشمیری چائے سے توازا کی جائے گی ۔