اسلام آباد(اے پی پی)وزیرِ اعظم عمران خان نے سول سرونٹس کارکردگی اور نظم و ضبط قواعد2020کی منظوری دے دی ہےجس کے تحت مجاز افسرکا درجہ ختم جبکہ پلی بارگین اور والنٹری ریٹرن کو بھی بدعنوانی (مس کنڈکٹ) کے زمرے میں شامل کیا گیاہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان قوانین کا مقصد سول سرونٹس کی کارکردگی کو بہتر کرنا اور محکمانہ احتساب کے نظام کو شفاف اور موثر بنانا ہے۔ قواعد کے مطابق محکمانہ احتساب کے عمل کو تیز بنانے کی خاطر افسر مجاز(اتھورائزڈ آفیسر) کا درجہ ختم کر دیا گیا ہے لہذا اب صرف اتھارٹی اور انکوائری افسر/ کمیٹی ہوں گے۔ اس عمل کو دو درجات میں کرنے سے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر نچلی سطح پر ہی افسر مجاز کی جانب سے معمولی سزا ئیں دیئے جانے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ چارجز (الزامات) کا جواب (10 سے 14 دن)، انکوائری کمیٹی /افسر کی جانب سے کارروائی مکمل کرنے کا وقت 60دن متعین کیا گیا ہے، اتھارٹی کی جانب سے کیس کا فیصلہ 30 دنوں میں کیا جائے گا۔