لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ جعلی حکومت پربھی حملہ ہے ،جمہوری حکومت میںنوٹس حکومت یا عدلیہ کو لینا چاہیے کسی اورکو نہیں لینا چاہیے ، واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے مجھے جو تفصیلات بتائی ہیں وہ حیران کن ہیں جنہیںیہاں نہیںبتا سکتی،انکوائری رپورٹ کو پبلک کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم اسے چھپانے نہیں دیں گے،
نواز شریف نے تو بات کی تھی کہ عمران خان مہرہ ہے لیکن کراچی واقعہ کے بعدعمران خان نے اپنے کردارسے عملی ثبوت دیدیا ہے ،بیشک تمہیں ڈمی بنا کر بٹھایا گیا ہے لیکن ڈمی بھی غائب ہے ، کم از کم عہدے کی ہی لاج رکھ لیتے، نوازشریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب اور ملک لا وارث ہے ،آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر مجھے اختلاف تھا مگر پارٹی ڈسپلن میں خاموش رہی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مال روڈپر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دینے والے طلبہ سے اظہار یکجہتی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی خان، بلوچستان ،راجن پور اور فاٹا کے طلبہ اپنے حق کے لئے سڑکوں پر ہیں ،یہ بچے 12دن سے سڑکوں پر رل رہے ہیں لیکن کسی کو ان سے پوچھنے کی توفیق نہیں ہوئی کہ آپ کا کیا مسئلہ ہے ۔35ہزار طلبہ کے لئے 600نشستیں ہیں لیکن وہ بھی ان سے چھین لی گئی ہیں جو انتہائی غلط بات ہے ۔ یہ کہا جاتاہے کہ پنجاب بڑا بھائی ہے لیکن میں تو کہتی ہوں بلوچستان بڑابھائی ہے ، ان نشستوں کیلئے کتناخرچہ آ جائیگا ؟۔ مطالبہ ہے کہ ان طلبہ کا کوٹہ اور سکالر شپس بحال کی جائیں۔ شہباز شریف نے ان طلبہ کو کوٹہ اور سکالر شپس دی تھیں لیکن ایسی کیا آفت آ گئی کہ آپ نے انہیں بند کردیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میں کوئٹہ جلسے میں بھی اس پر بات کروں گی ۔مجھے سمجھ آتی ہے کہ آپ نااہل اور نالائق ہیںلیکن ان بچوں کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے نہیں ہے ، آپ کو شرم آنی چاہیے جو ان کو ان کا حق نہیں دے رہے ،
یہ پاکستان کا مستقبل ہیں جو سڑکوں پر در بدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس حکومت سے اپیل کر کے اس حکومت کو تسلیم کرنے کا حق نہیں دوں گی لیکن اگر کسی کے سینے میں دل ہے تو اسے چاہیے کہ یہاں کران طلبہ کامسئلہ سنے۔ ویسے مجھے امید نہیں ہے کہ اس حکومت کے ہوتے ہوئے طلبہ کامسئلہ حل ہوگا۔ انہوںنے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پاکستان میں نہیں لیکن
وہ ہر جگہ موجود ہیں، نواز شریف بیرون ملک ہوتے ہوئے بھی حکومت کے اعصاب پر سوار ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب اور پاکستان لاوارث ہے ،شہباز شریف کو کرپشن کرنے پر نہیں بلکہ بھائی کے ساتھ نہ لڑنے پر جیل میں رکھا گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی واقعہ میں سندھ حکومت ملوث نہیں، کراچی واقعہ روز روشن کی طرح عیاں ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی بھی ضرورت نہیں۔
کراچی میں جو ہوا اس کا سب کو پتہ چل گیا ہے کہ اصل میں حکومت میں کون ہے ، آپ کو ڈمی بنا کر رکھاگیاہے لیکن اس واقعہ کے بعد ڈمی بھی غائب ہے ، آپ اپنے عہدے کی ہی لاج رکھ لیتے۔ نوازشریف نے کہا تھا کہ عمران خان صرف مہرہ ہے اوریہ ہماراہدف نہیں،کراچی واقعہ کے بعد ڈمی نے سامنے نہ آ کراس کاعملی ثبوت دیدیا ہے ،عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ حکومت کے اوپر حکومت کیاہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد مجھے بلاول بھٹو کا فون آیا تو وہ مجھ سے زیادہ غصے میں تھے اور انہوںنے کہا کہ میں اس پر شرمند ہوں ،مجھے وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی فون کیا اور انہوںنے مجھے جو حیران کن تفصیلات بتائیں وہ میں یہاں نہیں بتا سکتی ۔جو بھی انکوائری ہو وہ عوام کے سامنے ہو، ہم انکوائری رپورٹ کاانتظار کریںگے اور اسے پبلک ہونا چاہیے ،ہم اسے چھپانے نہیں دیںگے ،
جنہوں نے یہ کام کیا اصل میں شرمندگی کا اظہارتو انہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب ایک جمہوری حکومت ہوتی ہے تو نوٹس اسے لیناچاہیے یا نوٹس عدالت کو لینا چاہیے کسی اور کو نوٹس نہیں لیناچاہیے ۔انہوں نے سینیٹ انتخابات سے قبل حکومت کے خاتمے کے سوال جواب میں یہ حکومت گھبراگئی ہے اور بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھی ہے ، ان کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں
اورمجھے تو لگتا ہے کہ یہ جنوری سے بہت پہلے چلتے بنیں گے ۔ انہوںنے کراچی واقعہ میں بطور گواہ پیش ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر مجھے بلایا گیا تو میں ضرور پیش ہوں گی لیکن اس کی ساری باتیں قوم کے سامنے آ چکی ہیں ،اس کی ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہیں ۔ اگر کسی کے پاس وارنٹ گرفتاری تھا بھی تو وہ صفدر کی گرفتاری کا تھا وہ میرے گرفتاری کا نہیں تھا،
ایک خاتون کے کمرے پر دھاوا بولا گیا، ہمارا تودین بھی کہتا ہے کہ اگر جنگ میں مخالف کے مد مقابل ہو تو عورتوںاوربچوںکا پیچھا نہ کرو ۔ میں صرف مریم نواز نہیں بلکہ میں اس قوم کی بیٹی اوربہن ہوں ،اگرمیرے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے تو دوسری بہنوں اوربیٹیوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا جا سکتا ہے ،ریاست تو اپنی بہنوں اوربیٹیوں کی حفاظت کرتی ہے ، اس ریاست میں کسی بہن اوربیٹی کی
عزت محفوظ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترجمان اورمشینری اپنی خفت مٹانے کے لئے گھٹیا باتیں کر رہے ہیں ،آپ کے تو علم میں لائے بغیر یہ آپریشن کیا گیا ،یہ جعلی حکومت پر بھی حملہ ہوا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت نواز شریف پر مقدمات بنا کر اپنا منہ کالا کر رہی ہے نواز شریف ابھی پاکستان نہیں آئے تو حکومت کے اعصاب پر سوار ہیں۔انہوںنے ایک اورسوال کے جواب میں کہاکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر مجھے اختلاف تھا مگر پارٹی ڈسپلن میں خاموش رہی۔