لاہور( این این آئی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام کا نوٹس لے لیا جبکہ چیف جسٹس نے ریمارکس
دئیے کہ بچیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، وردیاں اتروا کر گھر بھیجوائیں گے۔ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے آئی جی پنجاب پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ عابد ملہی ان سے پکڑا نہیں جاتا، اب پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں بھی انعام کے لالچ میں ادا کر یں گے، وزیراعلی پنجاب ملزم کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہیں، کیا پولیس کا کام ملزموں کو پکڑنا نہیں ؟ ،پولیس اہلکار اگر ملزموں کو نہیں پکڑیں گے تو کیا کریں گے، یہ پنجاب حکومت نے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔