اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپنے ایک انٹرویو کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے خصوصی ترجمان محمد زبیر نے اپنی آرمی چیف سے ملاقات سے متعلق مزید انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ میں گلاب جامن کا شیدائی نہیں ہوں مگر جب
یہ آرمی چیف کی جانب سے پیش کیے گئے تو نہ نہیں کہہ سکا، وہ ایک معزز شخصیت ہیں،چیف آف آرمی سٹاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات 4 گھنٹوں جبکہ دوسری تین گھنٹوں پر محیط تھی، کھانے سے متعلق سوال پر محمد زبیر نے کہا کہ آرمی چیف جانتے ہیں میں پاکستانی کھانے پسند کرتا ہوں، میرے خیال میں انہوں نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کھانے کے انتظامات کروائے تھے۔انٹرویو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ مریم نواز اور ان کے والد جنہوں نے گزشتہ مہینوں میں آرمی اور ملٹری اسٹیبلیشمنٹ کے خلاف محاذ قائم کیا ہے محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات پر وہ ناراض تو ہوئے ہوں گے؟محمد زبیر نے کہا انہیں میری فیصلہ سازی کی صلاحیت پر یقین ہے، وہ جانتے ہیں میں ہمیشہ وہی کروں گا جو پارٹی کے حق میں بہتر ہوگا۔