اسلام آباد ( آن لائن ) پا کستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈھائی سال میں وزیر اعظم کے 11 بار نوٹس لینے کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی، نوٹس سرکار کے ایکشن لینے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا رہا ہے، کیا ڈھائی سال گزرنے کا باوجود بھی مہنگائی کی ذمہ دار گزشتہ حکومتیں ہیں؟
ذخیرہ اندوز اور مافیا حکومت کے اندر بیٹھے ہیں، وزیراعظم ذخیرہ اندوز اور مافیا کو اپنی صفوں میں تلاش کریں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ٹائیگر فورس کو آخر کار کس قانون کے تحت مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہیں ، ٹائیگر فورس کو مہنگائی پر نظر رکھنی کی ہدایت وفاقی کابینہ کے خلاف چارج شیٹ ہے، مہنگائی کم کرنا ٹائیگر فورس کا نہیں حکومت اور کابینہ کا کام ہے،وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو اپوزیشن کے خلاف لگایا ہوا، وزراء کا کام ٹائیگر فورس کے حوالے کیا جا رہا، وزراء استعفیٰ دے گر گھر چلے جائیں، ان کا کام ٹائیگر فورس کرے گا، نا اہل نوٹس سرکار کی وجہ عوام کی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے؟ مہنگائی کم کرنے کا حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے اور ذمہ دار اپوزیشن کو ٹھہر ا رہی ہے ۔