کراچی ( آن لائن )وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ رشید کو مولانا عادل کیس میں شامل تفتیش کیا جائے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا مولانا ڈاکٹر عادل کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی ہر زاویے سے تفتیش ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا سندھ حکومت پر تنقید ہو رہی ہے کہ مولانا عادل کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی لیکن یہ بتانا چاہتا ہوں کہ عدالت کی تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی وجہ سے ہمارے لیے بہت مشکلات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ بھی کسی کو سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا مولانا عادل نے خود سیکیورٹی کے لیے نہیں کہا تھا، ان کے بیٹے نے سیکیورٹی کے لیے کہا تھا جس پر ہم کام کر رہے تھے، یہ بھی بتا دوں کہ ایک اور مولانا صاحب نے سیکیورٹی کے لیے کہا ہے لیکن 8 ماہ ہونے کے باوجود ہم انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکے کیونکہ تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی میں مختلف اداروں کے لوگ ہیں، ایک کہتا ہے سیکیورٹی دے دو تو دوسرا کہتا ہے نہ دو۔سعید غنی کا کہنا تھا شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسے جلوسوں میں کورونا پھیلنے اور تخریب کاری کا خدشہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید کے بیان کے بعد مولانا عادل پر حملہ ہوا، مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا عادل کیس میں شیخ رشید کو بھی شامل تفتیش کیا جائے اور معلوم کیا جائے کہ ان کے پاس کون سے ذرائع سے معلومات آتی ہیں ۔