اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے سبب کیسز میں اضافہ ہو گیا جس کے بعد کراچی، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا گیا ہے، کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے
بغیر ناممکن ہے۔نجی ٹی وی دنیا کی رپورٹ کے مطابق اسدعمر کا کہنا ہے کہ 6 ہفتے تک کورونا کیسز دو فیصد مثبت رہے، گزشتہ ہفتے اس میں دو فیصد اضافہ ہوا۔ کراچی، آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تین سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، متاثرہ علاقوں سے کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کئے جا رہے ہیں۔ سیکٹر جی 11 ٹو اور جی 7 تھری کے دو اسکولز سیل کر دیئے گئے، ڈی سی اسلام آباد کے مطابق 32 ریسٹورنٹس، 47 دُکانیں اور ایک ورکشاپ کو بھی سیل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مزید 666نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 8ہزار 904ہو گئی جبکہ ملک بھر میں اب تک کورونا کے 3 لاکھ 18 ہزار 932کیسز رپورٹ ہوئےہیں۔