اسلام آباد (آن لائن) جڑواں شہروں کے عوام کی سہولیات کیلئے رنگ روڈ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے کیونکہ ایک بڑی چینی کمپنی نے اس منصوبے کیلئے ساڑھے چار سو ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری سے انکارکردیا ہے اور پاکستان کومالیاتی لحاظ سے بھی ہائی رسک قرار دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک بڑی چینی کمپنی سے حکومت پاکستان نے رابطہ کیا تھا اور ان کے ساتھ بات چیت جاری تھی جس میں چینی کمپنی سے کہا گیاتھا کہ وہ رنگ روڈ کے منصوبے میں ساڑھے چار سو ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے یا پھر گرانٹ کی مد میں اتنی رقم دے دی جائے لیکن پاکستان کے معاشی حالات اور سرمایہ کاری سے متعلق مختلف رکاوٹوں خصوصاً نیب کے نوٹسز اور سوالو جواب کی وجہ سے چینی کمپنی نے اس اہم منصوبے میں سرمایہ کاری سے معذرت کرلی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے چینی حکومت کے انکار کے بعد بی او ٹی کی بنیاد پریہ منصوبہ شروع کرنے کی کوشش کی مگر اس سلسلے میں ابھی تک ایک بھی سرمایہ کار کمپنی سامنے نہیں آئی جس کی وجہ سے ٹینڈر تک بھی نہ ہوسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی بڑی وجہ ان کے لئے پاکستان میں ناموافق اور ناسازگار ماحول ہے اور اس صورتحال میں پاکستان میں پیسہ نہیں لگانا چاہتے جس کی وجہ سے رنگ روڈ سمیت بہت سے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچنتے نظر نہیں آتے۔