لاہور (آئی این پی) پنجاب حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا، اہم ذمہ داری پولیس سپیشل برانچ کو سونپ دی گئی، پاکستان ڈیموکریٹک الا ئنس کے جلسوں کی جگہوں، سرگرم کارکنوں اور جلسے کیلئے کھانا لانے والوں کی تفصیلات طلب کرلی۔
امان و امان کے معاملات پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت صوبائی امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس کے جلسوں کے حوالے سے لائحہ عمل تیار اور اہم فیصلے کئے گئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرلی گئی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے سپیشل برانچ کو خصوصی ذم داری سونپ دی گئی اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریگا تو سخت ایکشن ہو گا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے سر گرم کارکنوں،(ن) لیگ پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) کی الگ الگ فہرستیں تیار مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سپیشل برانچ سے کہا گیا کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا جائے جہاں جلسے ہوں گے وہاں اپوزیشن جماعتیں کتنے افراد لا سکتی ہیں،کن کن افراد کی جلسے میں بندے اور کھانا لانے کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، اپوزیشن کے کتنے رہنماء و کارکن ہیں جن کیخلاف مقدمات درج ہیں۔ اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا قانون اور حکومتی احکامات کے برعکس اقدامات کی اجازت نہیں ہو گی۔