اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اداروں پر براہ راست حملے کیے جارہے ہیں، ہم نے ن لیگ کی بنیاد رکھی اس پارٹی کیلئے جیلیں کاٹی ہیں۔ن لیگ کا اداروں کے ساتھ جھگڑا نہیں بنتا کیونکہ اس
کی پرورش ہی فوج کی گود میں ہوئی ہے، پاکستان میں زیادہ تر سیاسی جماعتیں فوج کی نظروں میں آنے کیلئے کاوشیں کرتی رہی ہیں۔روزنامہ جنگ میں شائع خبر کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ ایک سیاسی جماعت نہیں مافیا ہے، نواز شریف کی لڑائی عمران خان کے ساتھ ہے، نواز شریف کو 1988 سے پہلے اور بعد میں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی حاصل رہی،پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی اسٹیبلشمنٹ بہت قریب رہی ہے،بینظیر بھٹو نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو انہیں فوجی جہاز میں جی ایچ کیو بلایا گیا۔اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سسٹم کو نہیں مانتیں تو پہلے اسمبلیوں سے استعفے دیں، پیپلز پارٹی کی روزی سندھ حکومت سے چل رہی ہے۔