لاہور( آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماوَں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
نواز شریف کے خلاف مقدمہ شہری بدر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے تقریر میں عوام کو اکسایا اور نواز شریف نے تقاریر میں بھارت کی ڈکلیئر پالیسی کی تائید کی۔مقدمے میں مسلم لیگ( ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، احسن اقبال، شیخ آفتاب، پرویز رشید اور راجہ ظفر الحق کو بھی نامزد کیا گیا ہے’مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، امیر مقام، ذکیہ شاہ، طلال چودھری اور دیگر رہنما بھی نامزد کیے گئے ہیں. سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر راہنمائوں کے خلاف درج ایف آئی آر میں 120 اے اور بی 121 اے اور بی ، 123 اے اور بی ، 124 اے اور بی و دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے مقتدر اداروں کو بدنام کرنے کے لئے اشتعال انگیز تقاریر کیں ان کی تقاریر کا مقصد پاکستان کو بدمعاش ریاست قرار دلانا ہے۔