کراچی(این این آئی) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم حبیب اللہ المعروف مخدوم جلیل الزمان کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے گرفتار کرلیاہے،نوٹس کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں کے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق مخدوم حبیب اللہ کو بحریہ ٹائون سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مخدوم حبیب اللہ مرحوم مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق مخدوم جلیل الزمان کو نیب نے اگست میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، نیب کے نوٹس کے باوجود مخدوم جلیل الزمان پیش نہیں ہوئے تھے، گرفتاری نیب کی جانب سے نوٹس پر پیش نہ ہونے پر عمل میں لائی گئی ہے۔مخدوم حبیب اللہ پر مشرف دور میں تعلقہ ناظم کے دوران سابقہ ٹریژری افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ملی بھگت کرکے کروڑوں روپے کی کرپشن کاالزام ہے۔ سابق اکائونٹس افسر حیدرآباد مشتاق شیخ نے دوران تفتیش سابقہ تعلقہ ناظم نے کا نام لیا۔جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ تعلقہ ہالا کے ناظم رہ چکے ہیں۔