لاہور( این این آئی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس میں گرفتار ملزم شفقت حسین کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے مہلت دیدی۔لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے سماعت کی ۔
تفتیشی افسر نے جج کے سامنے پیش ہو کر استدعا کی کہ ملزم شفقت حسین کی شناخت پریڈ کراناممکن نہیں ہو سکا، استدعا ہے کہ عدالت ملزم کی شناخت پریڈ کے لیے مہلت دے۔عدالت نے ملزم شفقت حسین کی شناخت پریڈ کے لیے پولیس کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔عدالت نے ملزم شفقت کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی، تاہم عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد ملزم کی شناخت پریڈ کرانے کاحکم دیا ہے، عدالت نے کہا آئندہ سماعت سے قبل ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کو یقینی بنایاجائے۔تفتیشی افسر نے ملزم سے متعلق بتایا کہ ملزم شفقت حسین کو دیپالپور سے گرفتار کیاگیا، ملزم کا ڈی این اے ابتدائی طور پر متاثرہ خاتون سے میچ کرگیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر مرکزی ملزم عابد کوگرفتار کرنا باقی ہے، ملزم سے پستول اور ڈنڈا بھی برآمد کرنا باقی ہے۔