اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر اس ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں، عاصم سلیم باجوہ اور اس کا خاندان گرفتار ہوتا ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا صرف
یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ، اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہا ، یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کرے گی ، آپ شہباز شریف کو گرفتار کر کے بھی اپنے جھوٹے اور جعلی مینڈیٹ کو نہیں بچا سکیں گے ، شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے اے پی سی میں جو بھی فیصلے کیے مسلم لیگ(ن) کا ہر کارکن ان وعدوں پر ثابت قدم رہے گا ، آج ہم سب شہباز شریف ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ کوئی غلطی نہ کرے ، شہبازشریف کو صرف اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ انہوں نے ان ہاتھوں میں کھیلنے سے انکار کیا جو انہیں نوازشریف کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے ، دوسری جانب ن لیگ کے صدر کی گرفتاری پر پارٹی کے اہم رہنما 4بجے پریس کانفرنس کرینگے۔