پشاور (آن لائن )جمعیت علماء اسلام(ف) نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو کوئی نوٹس وصول نہیں ہوا جب کہ مولانا نیب میں پیش ہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ جماعت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی جنرل سیکرٹری جے یو آئی (ف) مولانا عطاء الحق درویش نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کے بعد نیب کی حرکات سے پتہ چلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے یا پوری دال کالی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب کی طرف سے مولانا فضل الرحمان کو نیب کا کوئی نوٹس وصول نہیں ہوا، مولانا کے نیب میں پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ ان کی جماعت کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت احتساب کے ذریعے انتقامی کارروائیوں سے باز نہیں آرہی، حکومت ابھی تک مولانا فضل الرحمان کے خلاف کچھ ثابت کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کو اچانک نیب کا نوٹس اے پی سی کا تازہ نتیجہ ہے، نیب کو سیاستدانوں کے خلاف انتقامی کارروائی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، نیب نے ابھی تک کسی سیاستدان سے ایک روپے تک وصول نہیں کیا۔