اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر اہلِ کشمیر کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان
نے کہا کہ وہ کشمیر کے عوام کیلئے عالمی فورم پر آواز اٹھانے پر ترک صدر کے تہہ دل سے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی غیر متزلزل حمایت حقِ خودارادیت کی جائز و منصفانہ جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لئے ہمت و حوصلے کا ایک ذریعہ ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل ہونا چاہیے۔ بات کو جاری رکھتےہوئے رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یہ تنازع اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار مسئلہ کشمیر پر ہے۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں امن اور انسانیت کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔