اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کئی اہم اجلاسوں اور فیصلوں میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کا انکشاف ۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں مریم نواز بھی شریک ہوں گی اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ، جبکہ نوازشریف اس سے پہلے بھی اب تک کئی اہم اجلاسوں اور فیصلوں میں شرکت کر چکے ہیں ، گزشتہ دنوں جب شہباز شریف کراچی گئے اور آصف علی زرداری سے ملاقات کی ، اس ملاقات کے درمیان بھی نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔ پاکستان بار کونسل کی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام تقاریر میں شدت دیکھی گئی ، جس میں اپوزیشن رہنمائوں کا معمول سے زیادہ تلخ لہجہ تھا ۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے پارٹی وفد کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا،مریم نواز بھی اے پی سی میں شریک ہوں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلامئے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف 11رکنی وفد اے پی سی میں شریک ہوگا ۔
وفد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،مریم نواز ،خواجہ آصف ، احسن اقبال ،ایازصادق ،پرویز رشید ،رانا ثنااللہ ، امیر مقام اورمریم اورنگزیب شامل ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔دریں اثنا لندن میں علاج کی غرض سے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں ورچوئل شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔