اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے موٹروے کیس میں ملزم کے ڈی این اے میچ ہونے کی تصدیق کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا ڈی این اے متاثرہ خاتون سے میچ کر گیا ہے۔
شہباز گل نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آئی پنجاب،سی سی پی او لاہور اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ انشاللہ جلد گرفتاری بھی ہوگی۔عوام کو پتہ ہو کہ رات 4 بجے تک عثمان بزدار میٹنگ میں تھے آئی جی اورسی سی پی او کے ساتھ۔وزیراعلیٰ نے پورے کیس کی خود مانیٹرنگ کی ہے۔دوسری جانب آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی نے 91 کلو میٹر پر مشتمل لاہور سیالکوٹ موٹروے پر تعینات کئے جانے والے پی ایچ پی اور ایس پی یو افسران اور اہلکاروں کے لئے رولز جاری کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ سڑک پر دونوں فورسز کے 40 افسران اور 60 اہلکار آٹھ آٹھ گھنٹوں کی تین شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 91 کلو میٹر لمبی اس سڑک پر واقعہ 7 انٹر چینجز پر ایس پی یو کے سات سات جوان تعینات کئے جائیں گے جبکہ ان افسران اور اہلکاروں کی رہائش اور کھانے کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی یو کے جوان دوران ڈیوٹی پی ایچ پی کے اہلکاروں کی مدد کریں گے۔ رات کے دوران سڑک پر پٹرولنگ کے موقع پر پٹرولنگ کرنے والے 4 اہلکاروں کو پٹرولنگ گاڑیوں میں اور دو دو اہلکاروں کو موٹر سائیکلوں پر سوار ہونے کی اجازت ہوگی رات کے وقت پٹرولنگ پر معمور کار اور موٹر سائیکل سوار اہلکار اپنے ہمراہ جدید اسلحہ اور وائرلیس سیٹس بھی رکھ سکیں گے۔