اسلام آباد(آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ننھی مروہ اور لاہور موٹر وے پر خاتون سے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہور موٹر وے پر خاتون سے اسکے بچوں کے سامنے ڈاکوئوں کی جانب سے
افسوسناک واقعہ پر آئی جی پنجاب انعام غنی کو فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ۔جبکہ وزیر اعظم نے کراچی میں ننھی مروہ سے بھی افسوسناک سلوک پر واقعہ کا نوٹس لیا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات شرمناک ہیں ۔مجرموں کو مثالی سزا دی جائے، ایسے واقعے ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیدیا ہے ۔وزیر اعظم نے ملزمان کو سخت سزائیں دلوانے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔