اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ایک شخص کے جانے سے اداروں میں کام نہیں رکتے، وفاقی وزیرفواد چوہدری کو متعدد مرتبہ سمجھایا ہے۔
لیکن ان کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں ہرتعیناتی پر مشاورت ہوتی ہے۔میرے خیال میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ہمیشہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ باز آنے والے نہیں ، جس کے دماغ کو حکیم لقمان بھی ٹھیک نہ کر سکے اس کے دماغ کو کوئی بھی ٹھیک نہیں کر سکتا۔ آئی جی پنجاب کی تبدیلی معمول کی کارروائی ہے، دو سال کے دوران سندھ میں بھی کئی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا میں نے تین ماہ قبل بھی فوادچوہدری کو سمجھایا تھا لیکن میرا خیال ہے کہ وہ ہمیشہ اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے پنجاب پولیس کی انتظامیہ میں تبدیلی کا مقصد صوبہ میں تھانہ میں اور پولیس کلچر میں حقیقی تبدیلی لانا ہے، نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ آئی پنجاب کی تبدیلی پولیس کو عوام دوستانہ بنانے کے تناظر میں کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو قانون کے مطابق مکمل اختیارات حاصل تھے کہ وہ حکومتی ایجنڈا کے مطابق اپنے شعبہ کی بہتری کے لئے کام کرتے مگر وہ اس میں ناکام رہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سابقہ ادوار کی اقربا پروری کی پالیسی کو ختم کررہی
اور پنجاب پولیس کے سربراہ کی تبدیلی اسی تصورسے کی گئی ہے ، سندھ کی صورتحال کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے جہاں عوام کئی عشروں سے مشکلات کا شکار ہیں ۔.انہوں نے کہاکہ عوام کا وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں یقین ہے کہ وفاق ان کے مسائل حل کرے گا۔. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی منصوبہ بندی سے کراچی کے مسائل موثر طور حل کرلئے جائیں گے ۔



















































