مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا کی ممکنہ ویکسین ضرورت مندوں کے بجائے زیادہ بولی لگا کر خریدنے والوں کو دی گئی تو پھر طویل المدتی اور ہلاکت خیز وبا کا سامنا ہوگا۔کورونا وائرس سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ کورونا ویکسین کی تیاری میں پیش رفت ہوئی ہے
اور امید کہ ہے دنیا جلد کووڈ- 19 کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا کی ویکسین اور دوائیاں تمام ضرورت مندوں کو ملنی چاہئیں اور ان ممالک میں دستیاب ہونی چاہئیں جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں بننے والی ویکسین ضرورت مندوں کے بجائے زیادہ بولی لگا کر خریدنے والوں کو دی گئی تو یہ ناانصافی ہوگی اور ہمیں ایک طویل المدتی اور ہلاکت خیز وباکا سامنا کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ دنیا کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو مساوی طریقے سے ادویات اور ویکسین کی فراہمی کا مشکل فیصلہ کرسکیں۔واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی وبا سے دنیا بھر میں ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 5 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں ویکسین کی تیاری کے لیے سائنسدان سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں اور اس کی تحقیق پر اربوں ڈالر خرچ کیے جارہے ہیں ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 21 ویکسینز انسانی آزمائش کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔دوسری جانب امریکا سمیت یورپی ممالک ویکسین کی تیاری سے قبل ہی اس کی پیشگی خریداری بھی کرچکے ہیں جس کے باعث ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا سے شدید متاثرہ غریب ممالک ویکسین نہ ملنے سے مزید خطرات کا شکار ہوسکتے ہیں جس سے عالمی سطح پر وبا کو کنٹرول کرنے میں مشکلات پیدا ہونے کے علاوہ مختلف بحران جنم لے سکتے ہیں۔