اسلام آباد(این این آئی)بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس نے اسکول، کالج اور جامعات کو ستمبر میں کھولنے پر اتفاق کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کوویڈ 19 کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کے مسئلے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
تمام صوبوں نے اپنی آرا اجلاس میں پیش کیں اور احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) کے ساتھ تعلیمی اداروں میں امتحانات کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر اتفاق کرلیا گیا اور پیشہ ورانہ تعلیم کے امتحانات لینے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ یکم ستمبر سے پہلے دو اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس میں اس حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔صوبوں سے مشاورت کے بعد تجاویز قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری کل جمعرات کو دے گی۔واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے باعث تین ماہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔