لاہور ( آن لائن )الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ عوامی پسندیدگی میں مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف سے آگے نکل گئی ہے،اکثریت نے ملک کوموجودہ مشکل حالات سے نکالنے کیلئے شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کر دیا ۔
انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ کے سروے کے مطابق 27 فیصد پاکستانیوں نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کر دیا اور 24 فیصد افراد تحریک انصاف کے حامی ہیں جبکہ 11 فیصد نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے حق میں رائے دی ہے۔ سروے میں شریک افراد میں سے 23 فیصد پاکستانیوں نے بے روزگاری کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا ہے جبکہ 21 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ مہنگائی نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے اور ملک سے مہنگائی کا خاتمہ سے ہی مسائل حل ہوں گے ،14 فیصد نے کوروناوائرس اور 11 فیصد نے کاروبار میں کمی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ سروے میں نئے مالی سال کے بجٹ کو اکثریت نے مسترد کر دیا ، 52 فیصد پاکستانی حکومتی بجٹ سے مایوس نظر آئے اور صرف 21 فیصد افرادمطمئن نظر آئے ، 57 فیصد پاکستانی چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے جبکہ 29 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اس وقت ملک کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں، موجودہ تمام مسائل کال حل صرف اور صرف الیکشن ہیں موجودہ حکومت جتنی دیر اقتدار سے لپٹی رہے گی مزید مسائل بڑھتے جائیں گے ۔سروے میں 27 فیصد کا خیال ہے کہ ملکی مسائل شہباز شریف حل کر سکتے ہیں اور ان کو ضرور موقع ملنا چاہیے اور 22 فیصد کا خیال ہے کہ پاکستان کے مسائل عمران خان حل کر سکتے ہیں۔