اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی احتساب بیورو نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کے خاندان کو بیرون ملک سے 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ کی رقم منتقل ہوئی، جس کی تفصیلات نیب نے حاصل کرلی ہے۔نیب کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق شریف خاندان کو بیرون ملک سے جو رقم وصول ہوئی اس میں سب سے زیادہ رقم سلمان شہباز کو 124 ٹرانزیکشن کے ذریعے1 ارب 17 کروڑ سے زائد
کی رقم منتقل کی گئی، یہ رقم غیر ملکی کرنسی کی شکل میں منتقل کی گئی۔دستاویزات میں انکشاف کیا گیا کہ حمزہ شہباز کو 2005 سے 2012 کے دوران بیرون ملک سے امریکی ڈالرز کی شکل میں 18 کروڑ 16 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔ باقی رقوم نصرت شہباز، اور شہباز شریف کی صاحبزادیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی کو مجموعی طور پر 22 کروڑ سے زائد کی رقم منتقل کی گئی۔